سرگودھا(ایم این پی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شیر کی حکومت بنتی ہے تو عوام کا خون چوسا جاتا ہے۔
بھلوال کے صدیق شہید اسٹیڈیم میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک طرف ہمیں معاشی بحران درپیش ہیں، جن میں غربت ، بے روزگاری اور مہنگائی بھی شامل ہے تو دوسری جانب ہمیں جمہوری بحران کا بھی سامنا ہے۔ ہمارا پورا معاشرہ بحرانوں میں ڈوبا ہوا ہے۔
سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہے ہیں، جس سے پورا معاشرہ تقسیم ہوگیا ہے۔ بھائی کو بھائی سے لڑوایا جا رہا ہے۔ پاکستانیوں کو آپس ہی میں لڑوایا جا رہا ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پاکستان کو متحد کرنے کے لیے جدوجہد کریں گے۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اگر الیکشن لڑ رہے ہیں تو صرف اس لیے کہ ملک کے عوام پسے ہوئے ہیں، کسان کو فصل کی قیمت نہیں ملتی، مزدور کو اس کی محنت کا صلہ نہیں ملتا، نوجوان بہنوں بھائیوں کو روزگار نہیں مل رہا۔ گزارہ کرنا مشکل ہو چکا ہے اور کسی دوسری سیاسی جماعتوں کو عوام کی ان مشکلات کا احساس تک نہیں ہے۔ انہیں اگر فکر ہے تو اس کرسی کی جس کے لیے وہ کوشش میں ہیں کہ کسی نہ کسی طرح چوتھی بار بھی اقتدار پر براجمان ہو جائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں یہ الیکشن اس لیے لڑ رہا ہوں کہ قائد عوام شہید بھٹو نے ہمیں ایسا نظریہ اور منشور دیا ہے، شہید بے نظیر بھٹو نے ہمیں ایسا نظریہ دیا ہے جس میں تمام مسائل کا حل ہے۔ میں اپنا الیکشن گالم گلوچ کی سیاست پر تو نہیں لڑ رہا ہوں، نہ ذاتی دشمنی کا الیکشن لڑ رہا ہوں۔ میں تو اپنے منشور پر الیکشن لڑ رہا ہوں۔ ہمارے سامنے آپ کے مسائل، ملک کو درپیش چیلنجز اور غربت و مہنگائی جیسے بحران ہیں، جن کا حل نکالنا ہے۔