بچے سے متعلق سوال پر حرا خان سیخ پا، مداح کو ڈانٹ پلا دی

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ حرا خان نے بچے سے متعلق سوال کرنے پر مداح کو ڈانٹ پلا دی۔

اداکارہ حرا خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سوال جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں مداحوں نے ان سے مختلف سوالات کیے۔

سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح نے حرا خان سے سوال پوچھا کہ “آپ کے ہاں بچہ کب ہوگا؟” جس پر حرا خان نے مداح پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں ایسے نہیں پوچھا کرتے، یہ جوڑے کی نجی باتیں ہوتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے ہاں بچہ جب بھی ہوگا سب کو پتا چل جائے گا، یہ بہت نجی سوال ہوتے ہیں جو لوگوں سے نہیں پوچھنے چاہئیں، آپ تو سیدھا میری انسٹاگرام سٹوریز کے ذریعے مجھ سے یہ سوال پوچھ رہے ہیں۔

حرا نے مزید کہا کہ آپ کے گھر میں آس پاس کسی کی شادی ہو یا کوئی جوڑا ہو تو ان سے بھی ایسے سوال نہیں پوچھا کریں، یہ اخلاقی دائرے میں نہیں آتا، ہمارے ملک میں یہ بہت بڑا مسئلہ ہے، لوگوں کو اپنی حدود نہیں معلوم، انہیں تمیز ہی نہیں کہ کیا پوچھنا چاہیے اور کیا نہیں پوچھنا چاہیے، یہ جوڑے کی بہت نجی باتیں ہوتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں