پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، نگران وزیراعظم

Media Network Pakistan

تاشقند (ایم این پی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی کونسل قائم کر رکھی ہے، خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے۔ تفصیلات کے مطابق تاشقند کنونشن سینٹر میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 16 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ای سی او کی 16 ویں سربراہی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز ہے، اقتصادی تعاون تنظیم خطے کی ترقی کے لیے اہم فورم ہے، ای سی او فورم کو ایک باقاعدہ تنظیم کی شکل دینا ہوگی۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای سی او کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، حکومتِ پاکستان نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی کونسل قائم کر رکھی ہے کیوں کہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں سے ہی ترقی ممکن ہے، ریجن میں مزید سرحدی اور تجارتی راہداریوں کی ضرورت ہے، ای سی او ممالک کے درمیان تجارتی راہداریاں اہم کردار ادا کریں گی۔
بتایا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16 ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے بھی ملاقات کی، اس دوران دوطرفہ تعلقات، تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم کاکڑ اور صدر علیئیف نے اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز، علاقائی تعاون اور اجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے ای سی او کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں