اللہ نے موقع دیا تو معیشت کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہوگی: نواز شریف

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر اللہ نے موقع دیا تو معیشت کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہو گی۔

قائد ن لیگ محمد نوازشریف سے سیالکوٹ سے سابق ایم پی ایز، ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، پارٹی قائد نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر تاریخی استقبال پر سیالکوٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ماضی کی تینوں حکومتوں میں معیشت ہمارے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ رہا ہے، معیشت کی بہتری کی ہمیشہ بھرپور کوشش کی، معیشت کے موضوع میں صنعت، برآمدات اور مہنگائی سمیت سب کچھ ہی آجاتا ہے، معیشت کی بہتری مجموعی بہتری ہوتی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پھر موقع دیا تو ہماری حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بہتری ہوگی، عوام کی خدمت سے بڑی خوشی کسی اور چیز سے نہیں ملتی، الحمدللہ تمام بڑے بڑے منصوبے ہمارے دور میں ہی لگے ہیں، 20،20 سال پرانے منصوبے بھی ہمارے ادوار میں مکمل ہوئے۔

قائدن لیگ نے کہا کہ 1975ء سے جاری لواری ٹنل کا منصوبہ50 ارب روپے سے ہم نے اپنے دور میں مکمل کیا، کھربوں روپے لگنے کے باوجود کھٹائی میں پڑے نیلم جہلم منصوبے کو ہم نے مکمل کرایا، سندھ میں کوئلے کا ذکر سالوں سے ہورہا تھا، پہلی مرتبہ اپنے کوئلے کی بنیاد پر منصوبہ ہم نے لگایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں