لاہور(ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری نے آل پاکستان ملت ٹریکٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن اتحاد گروپ کو ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ظفر محمود چودھری نے ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر مظہر عباس، سینئر نائب صدر عبدالوحید، نائب صدر محمد نعیم، جنرل سیکریٹری محمد شعیب خان، جائنٹ سیکریٹری محمد عمیر ہاشمی، کوآرڈینیشن سیکریٹری یاسر قیوم اور فنانس سیکریٹری پرویز اختر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جیت کاروباری برادری کی ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہے جس پر پورا اترنے کے لیے ان کو انتھک محنت کرنا ہوگی۔ ظفر محمود چودھری نے کہا کہ ٹریکٹر انڈسٹری معیشت کا ایک اہم سیکٹر اور اس کا زراعت سے گہرا تعلق ہے جس کے پیش نظر آل پاکستان ملت ٹریکٹرڈیلرز ایسوسی ایشن اتحاد گروپ کو خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹریکٹر انڈسٹری کی بحالی و ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے کیونکہ یہ شعبہ نہ صرف حکومت کے لیے محاصل کا اہم ذریعہ ہے بلکہ ہزاروں افراد کا بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار بھی اس سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف ٹریکٹر انڈسٹری کو تقویت ملے گی بلکہ اس سے وابستہ سینکڑوں دوسری صنعتیں بھی بحال ہونگی جبکہ ٹریکٹر کسانوں کی پہنچ میں آنے سے فی ایکڑ پیداوار بھی بڑھے گی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے وفاقی اور صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹریکٹر انڈسٹری کو بھرپور سپورٹ کرے تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور معیشت کو استحکام ملے۔
لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر کی جانب سے آل پاکستان ملت ٹریکٹرڈیلرز ایسوسی ایشن اتحاد گروپ کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد
Media Network Pakistan