یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر کی لاہور چیمبر کے صدر سے ملاقات

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر وی کیٹ سوم وونگ سری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور سے ملاقات کی جس کے دوران پاکستانی معیشت، چیلنجز ، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کو پاکستان کی کاروباری صورتحال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر نے پاکستان کے تعلیم، ڈیموکریٹک گورننس، سول سوسائٹی، اقتصادی ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور صحت کے شعبوں میں یو ایس ایڈ کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیو ںکے اثرات سے نمٹنے کے لیے کام کرنا یو ایس ایڈ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے کم اخراج کرنے والے ممالک میں شامل ہونے کے باوجود پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے یو ایس پاکستان گرین الائنس فریم ورک کا تذکرہ بھی کیا جو پاکستان کو بالخصوص پانی، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کررہا ہے۔ وی کیٹ سوم وونگ سری نے کہا کہ وسائل کا رخ افغانستان کے ساتھ بارڈر ایریا سے تجارتی مواقعوں سے فائدہ اٹھانے، کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے، کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی، توانائی، زراعت اور پانی کے شعبوں میں بہتری کی طرف ہوا ہے۔ انہوں نے مقامی کاروباری برادری کے ساتھ منسلک ہونے کی خواہش کا اظہار اور گیمنگ انڈسٹری کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا تذکرہ بھی کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے پاکستان میں زراعت، توانائی، خواتین کو بااختیار بنانے اور گورننس سمیت دیگر شعبوں میں یو ایس ایڈ کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی مارک اپ اور افراط زر کی شرح میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنا پاکستان کی معاشی مشکلات کو حل کرنے کی کلید ہے۔ انہوں نے درآمدات کم کرنے، صنعتی وسعت اور برآمدات بڑھانے کی ضرور پر زور دیا۔ انہوں نے آبی ذخائر، ڈیموں بالخصوص کالاباغ ڈیم کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔لاہور چیمبر کے صدر نے پاکستانی صنعتوں کو درپیش مسائل، زیادہ پیداواری لاگت اور خام مال کی دستیاب کے مسائل پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا اور مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ انتخابات سے قبل سیاسی جماعتیں چارٹر آف اکانومی پر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر خواتین کو خود مختار بنانے کے لیے کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے ٹیکس نظام آسان بنانے اور غیر دستاویزی معیشت کو دستاویزی بنانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں