کاٹیج انڈسٹری کے وفد کی لاہور چیمبر کے نائب صدر سے ملاقات

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری اور سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ سے ملاقات کی اور سموگ کے تناظر میں مارکیٹیں رات دس بجے بند کرنے، بدھ کی چھٹی سمیت کاٹیج انڈسٹری کو درپیش دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا ہے کہ لاہور چیمبرکاٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرانے کی بھرپور کوشش کررہا ہے، حکومت کو اس اہم شعبے کی بحالی و بہتری کی طرف فوری توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی طرف توجہ دیکر حکومت غربت اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت بہت سے معاشی مسائل حل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے میں کاٹیج انڈسٹری بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے لیکن بدقسمتی سے یہ اہم شعبہ نظر انداز ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کاٹیج انڈسٹری کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہاتھ سے بنے ہوئے قالین، ایمبرائڈری ورک، براس ویئر اور روایتی چوڑیوں کی بہت طلب ہے۔انہوں نے کہا کہ لارج سکیل انڈسٹریز کی نسبت شہری اور دیہاتی علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری کم وسائل سے زیادہ فروغ پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی مدد سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو روزگار ملے گا اور ا ±ن علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف منتقلی کے رحجان میں بھی کمی آئے گی جس سے شہری آبادی میں تعلیم، ٹرانسپورٹ اور صحت وغیرہ کے مسائل حل ہونگے۔وفد کے سربراہ غلام سرور ملک نے کہا کہ بنگلہ دیش نے کاٹیج انڈسٹری کی وجہ سے ترقی کی ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بھی کاٹیج انڈسٹری کو سہولتیں دینی چاہئیں۔ وفد کے دیگر اراکین میں رضوان احمد، لطف اللہ، رانا بلال احمد، گلریز احمد، ندیم عباس، عبدالطیف، قاری امیر علی صدیقی، محمد نفیس، محمد انعام، آصف چودھری، قدرت اللہ بھٹی ، حیدر جاوید، ندیم حسین، عابد علی ، عظمت قیوم، اے آر نیازی اور شیراز حسین شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں