ہنرمند افرادی قوت کی برآمد سے بھاری زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے: لاہور چیمبر

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ پاکستان ہنرمند افرادی قوت برآمد کرکے بھاری زرمبادلہ کماسکتا ہے لہذا سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی صاحبزادی وسیمہ عمر سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہارون نصیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے فقدان کی وجہ سے ہم عالمی سطح پر مواقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پانچ نئے شہر قائم کررہا ہے لیکن اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہمارے پاس مطلوبہ ہنرمند افرادی قوت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو ہنر کے فقدان کی وجہ سے روزگار کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا سکل ڈویلپمنٹ تعلیم کا لازمی حصہ بنائی جائے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواتین کی خود انحصاری پر زور دیتا اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔ حال ہی میں لاہور چیمبر نے وومن انٹرپنیور کارنربھی قائم کیا ہے جس کا مقصد کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کو آگے بڑھنے اور تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ انسداد سمو گ کے لیے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ٹریننگ فراہم کی جائے اور سموگ پر قابو پانے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اعتماد میں لیا جائے۔ لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر اور سکل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان مستقبل روابط ہونے چاہئیں جس سے بہت سے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ صاحبزادی وسیمہ عمر نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مستقل بنیادوں پر روابط سے ادارے کو کاروباری برادری کی ضروریات سمجھنے اور اس کے مطابق سکل ڈویلپمنٹ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ روابط کے بغیر مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری اپنی مطلوبہ افرادی قوت کے متعلق پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو آگاہ کرے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایک ریگولیٹری ادارہ ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لیے ایک فوکل پرسن کا اعلان بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں