لاہور چیمبر کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ مستقبل قریب میں مارک اپ ریٹ اور بجلی کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات صنعت و تجارت اور عوام پر بھی نظر آنا چاہئیں، ضروری اشیاءجیسے آٹا، خوردنی تیل، چاول، دالوں اور مصالحوں کے لیے بھی اسی طرح کا ریلیف دیا جائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی بہترین کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں ، جس کا ثبوت پیٹرولیم کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہے ۔ گزشتہ 1.5 ماہ کے دوران انٹربینک ڈالر کی شرح میں 28روپے کمی ہوئی۔ انٹربینک ڈالر کا ریٹ جو یکم ستمبر 2023کو 305روپے تھا 13اکتوبر 2023کو 277روپے تک گر گیا۔ انہوں نے اس معاشی پیشرفت کا کریڈٹ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور نگران حکومت کو دیا جنہوں نے فعال طور پر معیشت کی بحالی کے لیے کردار ادا کیا۔ مزید برآں، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کاروباری اداروں کی پیداواری لاگت کم کرے گی جس سے پاکستانی مصنوعات بین الاقوامی مارکیٹ میں زیادہ موثر طریقے سے مقابلہ کرسکیں گی۔ لاہور چیمبر عہدیداروں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف صنعتی شعبے کو ریلیف ملے گا بلکہ اس سے زراعت کے شعبے میں ترقی کی راہ بھی ہموار ہوگی کیونکہ ہائی سپیڈ ڈیزل ٹریکٹر، ٹیوب ویل، ہارویسٹر اور دیگر مشینری میں استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی ہونی چاہیے کیونکہ بجلی کا ایک بڑا ذریعہ تھرمل ذرائع سے پیدا ہوتا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں