اسلام آباد(ایم این پی) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اپنے وکیل کے ہمراہ توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔
دوران سماعت وکیل لطیف کھوسہ نے ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس سے استفسار کیا کہ کافی عرصہ ہوگیا آپ کو دیکھا نہیں جس پر جج نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب نارکوٹکس کی عدالت کا انچارج مل گیا ہے۔
وکیل نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ جس دن احتساب عدالت نے درخواست ضمانت نپٹائی اسی دن نیب نے نیا نوٹس بھیج دیا، ڈیوٹی جج نے پوچھا بشریٰ بی بی کہاں ہیں؟
ڈیوٹی جج راجہ جوادعباس نے بعدازاں بشریٰ بی بی کو روسٹرم پر بلا لیا جس پر سابق خاتون اول روسٹرم پر آگئیں تاہم اس سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کی کسی عدالت میں بشریٰ بی بی روسٹرم پر نہیں آئیں۔