لاہور(ایم این پی) پاکستانی اداکارہ مایا علی کو حالیہ فوٹو شوٹ کے دوران بھارتی اداکارہ سری دیوی کے گانے پر رقص کرنا مہنگا پڑ گیا۔
شوبز انڈسٹری کی جانی مانی اداکارہ مایا علی بے شمار پاکستانی ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کے سبب لاکھوں دلوں میں راج کرتی ہیں۔
ڈرامہ سیریل ‘من مائل‘ کی اداکارہ مایا علی نے حال ہی میں معروف برانڈ کیلئے فوٹو شوٹ کرایا جس نے منظر عام پر آتے ہی رخ تبدیل کرلیا اور تنقید کا نشانہ بن گیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر برانڈ کی جانب سے مایا علی کے ساتھ مشترکہ پوسٹ شیئر کی گئی جس میں اداکارہ دیدہ زیب لباس زیب تن کئےہر سو اپنی خوبصورتی کے جلوے بکھیرنے میں مگن ہیں۔
ویڈیو اور تصاویر میں اداکارہ کو دلکش چمکتی چولی اور سلور ساڑھی میں ملبوس دیکھا گیا جس پر مزین چمکتے خوبصورت موتی آنکھوں میں جھلملا رہے تھے۔
ساتھ ہی مایاعلی نے لباس کو چار چاند لگانے کی اپنی بھرپورکوشش کرتے ہوئے ماضی کی مشہور بالی وڈ فلم “چاندنی” میں گلوکارہ لتا منگیشکر کے گانے “گیت متوا” پر بھارتی اداکار رشی کپور اور اداکارہ سری دیوی کی یاد تازہ کرتا رقص کیا جو صارفین کو کچھ خاص نہ بھایا۔