دبئی(ایم این پی) ماڈل ایریکا رابن نے ’مس یونیورس پاکستان‘ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ وہ نومبر میں ہونے والے عالمی مقابلۂ حسن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
منتظمین کے مطابق دیگر چار فائنلسٹ خواتین کو شکست دینے کے بعد رابن کو مس یونیورس پاکستان کا تاج پہنایا گیا جنہیں دنیا بھر سے 200 سے زائد مدمقابل خواتین کے پول سے منتخب کیا گیا۔
’مس یونیورس پاکستان‘ کے مقابلے کا انعقاد دبئی کی ایک کمپنی نے کیا جس نے مارچ میں مس یونیورس پاکستان کے حقوق حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی عالمی مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندہ کو بھی بھیجے گی۔
مس یونیورس 1952 سے ہر سال منعقد ہونے والا بین الاقوامی مقابلۂ حسن ہے۔ رواں سال کا مس یونیورس مقابلہ ایل سلواڈور میں نومبر میں منعقد ہو گا۔ مس یونیورس مقابلہ جیتنے کی پاکستانی امیدوار 90 سے زائد ممالک کی شرکا کے ساتھ ٹائیٹل جیتنے کی دوڑ میں شریک ہوں گی۔