لاہور (ایم این پی) کیپٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنزکی کارکردگی کے بارے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کارکردگی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ ڈی آئی جیز غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل ڈی ایس پیز کی ایکسپلنیشن اور ایس ایچ اوزو انچارج انوسٹی گیشنز کو شو کاز جاری کریں اور پندرہ روز میں کارکردگی بہترنہ کرنے کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے ڈی آئی جیز کوہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر افسران کی کارکردگی کی مانیٹر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشتہاری مجرمان، عادی چوروں، ڈاکوؤں، اور منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کے گرد گھیراتنگ کیا جائے۔ سی سی پی او لاہور نے قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایس ایچ اوز موٹر سائیکل چوری میں ملوث گینگز کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائیں اس ضمن میں کوتاہی قابل ِ قبول نہیں ہوگی۔ سی سی پی او لاہور نے حکم دیا کہ ناقص کارکردگی کے مرتکب ایس ایچ اوز اور انچارج (انوسٹی گیشن) اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ ڈی آئی جی (آپریشنز)سید علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) عمران کشور،ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز)صہیب اشرف،ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری نے اجلاس میں شرکت کی۔ اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انچارجز(انوسٹی گیشن)بھی اجلاس میں موجود تھے۔