لاہور(ایم این پی )محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کی تمام ریجنز میں وارڈر اور لیڈی وارڈر کی 2330 آسامیوں پر بھرتی کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے بھرتی کیلئے تشکیل شدہ بورڈ انٹرویو کر رہا ہے اور کچھ ریجنز میں انٹرویو کا عمل مکمل بھی ہو چکا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں وارڈر اور لیڈی وارڈر کی بھرتی کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے تشکیل شدہ بورڈ انٹرویو کر رہا ہے۔ بھرتی کے عمل کو میرٹ کی بنیاد پر شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے۔
انٹرویو کے مرحلے کے دوران مشاہدہ کیا گیا ہے کہ چند نوسرباز بھرتی کے ایسے امیدواروں سے رابطے کر رہے ہیں جن کے میٹرک اور تحریری امتحان میں اچھے نمبر ہونے کی وجہ سے انکے بھرتی ہونے کے قوی امکان ہیں ، انھیں نوکری دلوانے کا جھانسہ دے رہے ہیں۔ بھرتی کے امیدوار بھرتی کے نام پر پیسے بٹورنے والوں اور فراڈیوں کے جھانسے میں مت آئیں۔ تمام اہل امیدواروں کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔ بھرتی کے نام پر ہونے والے پیسوں کے لین دین کے فراڈ کا محکمہ ذمہ دار نہ ہو گا۔