ڈی آئی جی آپریشنز کی لاہور چیمبر کے صدر سے ملاقات

Media Network Pakistan

لاہور(ایم این پی) ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور دیگر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سے ایک اہم ملاقات کی جس میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور نے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پنجاب پولیس کی قابل تحسین کوششوں کو سراہااور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کاروباری برادری اور محکمہ پولیس کے درمیان مضبوط روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کا کاروباری شعبے کے ساتھ مسلسل تعاون ترقی کے لیے سازگار ماحول یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے پنجاب پولیس کے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے موجودہ تھانوں کو خصوصی پولیس سٹیشنز میں تبدیل کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ان خصوصی تھانوں کو سپانسر کرنے کے سلسلے میں تاجر برادری کا فعال کردار چاہتی ہے اور اس کے بدلے میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جس کمیونٹی نے تھانے کی بحالی اور اپ گریڈیشن میں تعاون کیا ہے انہیں اس تھانے کی گورننگ باڈی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی تھانوں میں شکایت کنندہ کو بیرک، تفتیش و دیگر سرگرمیوں کامشاہدہ کیے بغیر دوسری حصہ میں ہی پولیسنگ خدمات فراہم کردی جائیں گی۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاءکو تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف پنجاب حکومت کی بھرپور مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور اسپیشل برانچ کی پریشان کن رپورٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سکولوں اور یونیورسٹیوں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشر ے میں غیر قانونی ہتھیاروں کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بدامنی کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات سے نمٹنے کے لیے بھی پولیس فورس نے گرانقدر کردار ادا کیا ہے جبکہ صرف اکیس ہزاروں اہلکاروں پر مشتمل پولیس فورس شہر کی دو کروڑ سے زائد آبادی کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں نقد لین دین نے جرائم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک فعال کردار ادا کرے ۔ لاہور چیمبر آف کامرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے پنجاب پولیس کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں محفوظ ماحول یقینی بنانے کے لیے اعتماد سازی اور باہمی تعاون کا فروغ ناگزیر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں