لاہور(ایم این پی) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
صوبائی دارالحکومت میں صبح کے وقت ہوا کے ساتھ کالے بادل چھائے اور پھر مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔
اسلام پورہ ، گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، ہال روڈ، مال روڈ ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، نشتر کالونی، گلشن راوی، ہربنس پورہ سمیت شہر بھر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
گلشن راوی کے علاقے میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جیل روڈ پر 91.5، ایئر پورٹ 88 ، گلبرگ میں 99 ، لکشمی چوک میں 162 ملی میٹر اور اپرمال میں 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مغلپورہ میں 122 ملی میٹر، تاجپورہ میں 156 ملی میٹر ، نشتر ٹاؤن میں 100 ملی میٹر سے زائد ، چوک ناخدا میں 89 ملی میٹر ، پانی والا تالاب میں 152 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 100 ملی میٹر اور قرطبہ چوک میں 149 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی مفلوج ہو گیا اور لیسکو ریجن میں 160 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔