لاہور (ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مقررہ وقت تک تجدید رکنیت نہ کروانے پر محمد یوسف شاہ کو ایگزیکٹو کمیٹی سے برخواست کردیا ہے ۔ محمد یوسف شاہ مقررہ وقت تک اپنی کمپنی الیوسف انٹرپرائزز کی رکنیت کی تجدید نہیں کرواسکے جس کی وجہ سے وہ لاہور چیمبر کے ممبر نہیں رہے اور ساتھ ہی ان کی بطور ایگزیکٹو کمیٹی رکن اہلیت بھی ختم ہوگئی۔ اس فیصلے کا اطلاق 31مارچ 2023ءسے ہوگا۔ واضح رہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کسی بھی فرد کی نہیں بلکہ کمپنی یا بزنس کی رجسٹریشن اور ممبرشپ کی جاتی ہے اور اسی کمپنی کی بنیاد پر کوئی بھی فرد لاہور چیمبر کا ممبر ہوتا ہے اور بعدازاں وہ الیکشن کے پراسیس سے گ±زر کر ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر یا پھر صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر منتخب ہوتا ہے۔اگر کوئی شخص پہلا بنیادی کام یعنی اس کمپنی کی تجدید رکنیت ہی نہ کرائے جس کی بنیاد پر وہ لاہور چیمبر کا ممبر ہو تو اس کی رکنیت ختم ہو جاتی ہے، اس کے نتیجے میں وہ لاہور چیمبر کے دوسرے عہدوں یعنی ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر بھی نہیں رہ سکتا اس چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اور صدر کاشف انور نے ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز 2013 کے رولز 11 (3)، (4) اور (5) پر عمل درآمد کیا ۔ آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے آرٹیکل 13اور 22 (xv) (e) کے مطابق یوسف شاہ کو لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے سیکرٹری جنرل شاہد خلیل نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ اس فیصلے کے تناظر میں یوسف شاہ اگلے سال الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے بھی اہل نہیں رہے کیونکہ اگر کوئی کمپنی 31 مارچ تک اپنی رکنیت کی تجدید نہیں کرواتی تو اس کمپنی یا بزنس کے ووٹنگ کا حق ختم ہو جاتا ہے۔مزید برآں لاہور چیمبر نے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز سے درخواست کی ہے کہ وہ ایگزیکٹو کمیٹی کی ہونے والی خالی آسامی اور تجدید نہ کرنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی کسی بھی مزید ممکنہ نااہلی کے بارے میں ہدایات فراہم کریں۔
یوسف شاہ کو ممبرشپ کی تجدید نہ کروانے پر لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی سے برخواست کردیا گیا، نوٹیفیکیشن جاری
Media Network Pakistan