انقرہ(ایم این پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورہ پر ترکیہ میں ہیں، وزیر اعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی حلف برداری کی تقریب سے قبل اہم ملاقاتیں کیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر انقرہ ایئرپورٹ ترکیہ پہنچ گئے.انقرہ ائیرپورٹ پر ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے اعلی حکام، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر اور اعلی سفارتی حکام نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر انکے حالیہ صدارتی الیکشن میں دوبارہ انتخاب پر حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے ترکیہ کا دورہ کر رہے ہیں.
انقرہ پہنچنے پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین دولسار انجینئیرنگ عرفان آکر نے ملاقات کی. ملاقات میں پاکستان میں دولسار انجینئیرنگ کے جاری توانائی اور تعمیراتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی.
عرفان آکر نے پاکستان میں توانائی اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا وزیرِ اعظم نے دولسار انجینئیرنگ کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور حکومت کی طرف سے اس حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی.
وزیرِ اعظم سے چیئرمین پاک-یاترم اور پریزیڈنٹ ڈی ای ای کےنیل اولپاک نے ملاقات کی. ملاقات میں پاکستان میں قابل تجدید توانائی اور تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری پر گفتگو کی گئی .