لاہور (ایم این پی) یو ایس ایڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایکٹیویٹی ایک پانچ سالہ منصوبہ ہے جو پاکستان کے کاروباری ماحول کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار یو ایس ایڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایکٹویٹی کے ڈپٹی چیف آف پارٹی عمار علی قریشی نے لاہور چیمبر کے اشتراک سے منعقدہ اوریئنٹیشن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کاشف انور نے کہا کہ یہ اوریئنٹیشن سیشن لاہور چیمبر کے ممبران کو یو ایس ایڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایکٹیویٹی کے پروگرامز کے بارے میں مفید معلومات مہیا کرے گا۔ انہوں نے شرکاءکو بتایا کہ اس پروگرام کے تحت یو ایس ایڈ آئی پی اے نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کی ایک پائپ لائن تیار کی ہے جو سرمایہ کے بیرونی ذرائع سے منسلک ہونے کے لیے تیار ہے۔ اس اہم پروگرام کی مدد سے مخصوص مقامی کمپنیوں کی نشاندہی کی جائے گی جو پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جہاں پاکستان کو سخت معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، وہاں مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی اشد ضرورت ہے، اس کے ساتھ ساتھ غیرملکی سرمایہ کاری پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے پروگرام سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ عمار علی قریشی نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کی بہتری اور تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں بھی مدد کررہا ہے۔
یو ایس ایڈآئی پی اے پاکستان کے کاروباری شعبہ کو مضبوط بنانے میں مدد کرے گا، عمار علی
Media Network Pakistan