شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لاہور چیمبر میں تقریب کا انعقاد

Media Network Pakistan

لاہو(ایم این پی) یوم تکریم شہداءکے موقع پر شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک شاندار تقریب منعقد کی جن میں ان بہادر ہیروز کی قربانیوں کو سراہا گیا جنہوں نے ملک کے دفاع، سالمیت و استحکام کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور مہمان خصوصی تھے جبکہ تاجر برادری کی ایک بہت بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور قومی ہیروز کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے اور شہدا کو فاتحہ پیش کرنے سے ہوا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے پاکستان کے شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی سالمیت، خودمختاری اور عزت کو یقینی بنانے کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے ان بہادر شہداءپر فخر ہے جنہوں نے تاریخ کی آزمائشی گھڑیوں میں بے مثال جذبہ حب الوطنی اور بے خوفی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ شہداءکی قبروں اور یادگاروں پر جائیں اور پیار، عزت و احترام کی علامت کے طور پر ان پر پھول نچھاور کریں۔ انہوں نے کہا ہمیں دنیا کو دکھانا چاہیے کہ ہم وہ قوم ہیں جو اپنے شہداءکے لیے عقیدت کے بے پناہ جذبات رکھتی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں لازوال اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پوری قوم کے لیے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے ہر شہید کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے پاکستان کے اس مقصد اور نظریات کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم شہداءاور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں