لاہور (ایم این پی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے چاول کے بیجوں کی دو نئی اقسام تیار کرنے پر نجی شعبے کو اعزاز دینے پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور ہمارے لیے ایک پرائیویٹ سیکٹر کے تحقیقی ادارے نے عالمی زرعی منظر نامے پر ملک کے لیے نام کمایا ہے۔ اس سے نہ صرف چاول کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان اور سی ای او گارڈ رائس شہزاد علی ملک کے نام دو الگ الگ خطوط میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے، گارڈ ایگریکلچر ریسرچ ادارے نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی محققین میں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کی تمام تر صلاحتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اعزاز سے عالمی سطح پر پاکستان کی زرعی تحقیقی صلاحتیں اجاگر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ چاول کے بیجوں یہ نئی اقسام زرعی پیداوار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی اور زرعی شعبہ مضبوط ہوگا۔ کاشف انور نے کہا کہ ایسے اعزاز محققین کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ، تحقیق کو فروغ دیکر پاکستان اپنی زرعی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتا ہے، برآمدات میں اضافہ کرسکتا ہے اور ملک کی مجموعی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکتا ہے۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ عالمی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے زرعی تحقیق اور نئی ٹیکنالوجیز کی تلاش اشد ضروری ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پنجاب سیڈ کونسل نے چاول کی لمبے دانے والی اقسام گارڈ 101 اور 102 کی منظوری دی ہے جو کہ فی ایکڑ پیداوار میں تقریباً 25 فیصد اضافہ یقینی بناتی ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پوری تاجر برادری کے ساتھ، شہزاد علی ملک کو اس بہترین ایوارڈ پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور تحقیق اور ترقی کی سرشار کوششوں کے ذریعے پاکستان کے زرعی شعبے کی مسلسل کامیابی اور ترقی پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔
لاہور چیمبر نجی شعبہ کو اعزاز دینے پر گورنر پنجاب کا مشکور ہے: کاشف انور
Media Network Pakistan