لاہور (ایم این پی)لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا مقصد حکومت کی پالیسیوں پر عمل درآمد اور ملک میں کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانا اور ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کموڈور احسان احمد خان کی زیر قیادت 52ویں پی این سٹاف کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے بھی خطاب کیا۔کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر شاندار تاریخ کا حامل اور اس کے بتیس ہزار ممبران صنعت و تجارت کے تمام شعبہ جات کی نمائندگی کرتے ہیں، لاہور چیمبر کا بنیادی کام پالیسی ایڈووکیسی ہے۔ انہوں نے شرکاءکو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنے سو سال مکمل کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر بجٹ تجاویز حکومت کو بھجواتا ہے اور مختلف پالیسیوں پر آراءدیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسز کا بھی اہتمام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر سماجی شعبہ میں بھی پوری طرح فعال ہے، اپنے ممبران کے لیے لاہور چیمبر نے سمارٹ سروسز کا اہتمام کیا ہے اور ایک ہی چھت تلے بہت سے اداروں کے ہیلپ ڈیسک ممبران کی خدمت کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمانڈر نیوی وار کالج، کموڈور احسن احمد خان نے کہا کہ عالمی توجہ جغرافیائی سیاست سے جیو اکنامکس کی طرف منتقل ہونے کی وجہ سے اقتصادی مفادات کی اہمیت بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ کے عملے کے لیے کورسز میں اقتصادیات سمیت تمام محاذوں پر چیلنجز کا سامنا کرنے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحریہ میری ٹائم سینٹر آف ایکسی لینس قائمکیا جارہا ہے جو جدید پالیسیاں اور حکمت عملی تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر بحریہ نے میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ اور ورلڈ میری ٹائم ڈے سمیت متعدد تقریبات اور ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد اقتصادی مواقع اور چیلنجز کو اجاگر کرنا ہے۔
معاشی صورتحال کے پیش نظر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مستحکم کرنے کی ضرورت ہے: لاہور چیمبر
Media Network Pakistan