لاہور(ایم این پی) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء نواز نے رشتوں کی قدر کرنے کا مشورہ دے دیا۔
گزشتہ دنوں اداکارہ ثناء نواز نے نجی چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے زندگی میں آنے والے اُتار چڑھاؤ کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
دوران انٹرویو ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انسان کو زندگی میں آنے والی مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ ان کا سامنا کرنا چاہیے، یہ ہمیں مزید مضبوط بنانے کے لئے آتی ہیں، اچھے اور برے وقت آتے اور جاتے ہیں لیکن اسے بہتر طریقے سے گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ جب انسان قدر نہیں کرتا تو رب اس سے نعمت چھین لیتا ہے، پھر چاہے وہ نعمت رشتوں کی صورت میں ہو یا رزق کی، انسان کو رب کی دی ہوئی تمام نعمتوں پر شکرگزار ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رشتے توڑنا مشکل ہوتا ہے، کبھی کبھی انسان کو بعض رشتے نہ چاہتے ہوئے بھی توڑنے پڑتے ہیں کیونکہ اگر انسان ایسا نہ کرے تو وہ خود ٹوٹ سکتا ہے، خود کو بچانے کے لئے ایسا کرنا ضروری ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اداکارہ ثناء اور ان کے سابقہ شوہر فخر انعام کی شادی 14 سال کے طویل عرصے کے بعد طلاق پر ختم ہو گئی تھی۔