لاہور (ایم این پی) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے تین مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان تین مقدمات میں ضمانت کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچے۔
عمران خان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں تین مقدمات درج ہیں جن میں پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی موت، جلاؤ گھیراؤ اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات ہیں جس میں انسداد دہشتگردی اور اعانت جرم کی دفعات ہیں۔
عمران خان کی ان مقدمات میں ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت منظور کی تھی اور انہیں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
عمران خان عبوری ضمانت کے لیے لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت پہنچے جہاں ان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ شامل تفتیش ہونا چاہتا ہوں لیکن پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت تینوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر کے پولیس کو گرفتاری سے روکے۔
بعدازاں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کی تینوں مقدمات میں 4 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
اس سے قبل عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پورے ملک کو کنٹینرز لگا کر مقبوضہ کشمیر بنایا ہوا ہے، قوم تمام رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں پہنچے گی، آج جلسے میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، حکومت نے جلسہ ناکام بنانے کیلئے ہمارے 1600 کارکنان پکڑ لئے، ملک کی حالت یہ ہے کہ لوگ آٹا خریدنے کیلئے لائنوں میں لگے ہوئے ہیں۔