پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے : وزیراعظم

Media Network Pakistan

اسلام آباد(ایم این پی) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، ملک کی ترقی کے دشمنوں کو شکست فاش ہوگی، انہیں منہ کی کھانی پڑے گی ۔

تھرپارکر میں شنگھائی الیکٹرک منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ ایک خوشی کا دن ہے کہ آج ہم سب نے مل کر تھر کے اس صحرا میں 330 میگاواٹ ایک منصوبہ ’تھل نووا‘، 1330 میگاواٹ کا ایک اور منصوبے اور کوئلہ نکالنے کے ایک منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ پاکستان کو تحفہ دیاہے ،یہاں کروڑوں ،اربوں ٹن کوئلہ دفن ہے، لوگ پاکستان کی ترقی کے مخالف ہیں ، دہائیوں کی محنت کے بدولت آج تھر کے ریتیلے میدان میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، تھر کا کوئلہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرسکتا
ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ مربوط حکمت عملی کی بدولت آج یہ صحرا صنعت میں بدل چکا ہے، یہاں آج ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، اس بجلی کی روشنی پورے پاکستان میں پھیل رہی ہے، یہ سفر پورے پاکستان کی ترقی کا موجب بنے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سی پیک کا سورج یہاں پر پوری آب وتاب سے چمک رہا ہے، چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، تمام تر مشکلات کے باوجوو چین ہماری مدد کررہا ہے، سی پیک کے اگلے فیز کیلئے چینی قیادت سے بات کی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ سی پیک کو پوری طرح سے آگے چلائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہم سب پر مقدم ہے، گزشتہ روز پاک فوج کے جوانوں نے ملک کیلئے قربانی دی، یہاں دہشت گردی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، خود کو پاکستان کے مفاد کیلئے ہزار مرتبہ قربان پڑے تو یہ کوئی قربانی نہیں، کوئی پاکستان میں دہشتگردوں کو پناہ نہیں دے سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں