حکومت کا غریب شہریوں کوپٹرول 100 روپے سستا دینے کا اعلان

Media Network Pakistan

اسلام آباد (ایم این پی) وفاقی وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے غریب عوام کیلئے 100 روپےسستا جبکہ امیرطبقے کیلئے پٹرول 100 روپے مہنگا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر کو100روپےزیادہ جبکہ غریب کو 100روپے کم میں پیٹرول ملے گا۔

اس کے علاوہ انہوں نےغریب عوام کیلئے گیس بھی سستی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مصدق ملک کاکہنا تھا کہ ہم نےغریب اورامیرآدمی کے دو پاکستان الگ کردیے ہیں ، ہم غریب کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے ، پٹرول کی قیمتوں کے نفاذ سے متعلق 6 ہفتے کے اندراندرفیصلہ ہوگا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخص جس کے ہاتھ میں آئین دیا گیا تھا، جس کے ہاتھ میں ووٹ نہیں، مگر سلیکٹڈ زدہ دھاندلی کا کوئی کاغذ دیا گیا تھا کہ اس ملک کے غریب لوگوں کی حفاظت کرنا، اور وہ کہہ رہا ہے کہ ان سب کی ایسی کی تیسی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم صاحب سے درخواست کی کہ یہاں تو دو ملک ہیں، امیر کا الگ اور غریب کا الگ، جس پر انہوں نے کہا کہ غریب کے ملک کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ، ہم نے ٹیرف الگ کرکے غریب کا بل اور امیر کا بل علیحدہ کردیا۔

ان کاکہنا تھا کہ ہماری قیادت نے کہا کہ ایک غریب آدمی جو گیس استعمال کررہا ہے اس کا پاکستان علیحدہ کردو، آج کے بعد وہ ایک چوتھائی بل ادا کریں گے، امرا کی بھی ہم عزت کرتے ہیں، لیکن وہ چار گنا زیادہ پیسے دیں گے، اور وہ پیسے جمع کرکے ہم ان غربا کو گیس دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ صاحب ثروت ہیں، لگژری اشیا استعمال کرتے ہیں، مہنگی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں، وہ اصل قیمت ادا کریں گے، یہ کسی کے باپ کا ملک نہیں ہے، اس ملک میں 22 کروڑ لوگ ہیں جس میں سے 21 کروڑ لوگ غریب ہیں، جو عزت سے روٹی کماتے ہیں مگر مشکل سے کماتے ہیں۔

ان کامزید کہنا تھا کہ وہ لوگ جنہیں اللہ نے دیا ہے، اُن سے ہم لیں گے اور وہ لوگ جو اللہ کی زمین پر اپنے بچوں کو عزت سے پالنے کی کوشش کررہے ہیں، اور اپنے ماں باپ کی خدمت میں کوشاں ہیں، انہیں ان کی زندگی میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں