آدیامان(ایم این پی)وزیراعظم شہباز شریف زلزلے سے متاثرہ برادر اسلامی ملک ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سے زلزلہ متاثرہ علاقے آدیامان پہنچ گئے، متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔
یاد رہے کہ آدیامان حالیہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے۔
وزیرِ اعظم کا آدیامان ہوائی اڈے پر ترکیہ کے وزراء نے استقبال کیا، وزیرِ تجارت مہمت موش، وزیرِ مواصلات و انفراسٹرکچر کے وزیرِ عادل اسماعیل اولو ایئر پورٹ پر موجود تھے، آدیامان کے گورنر مہمت چوہادار، علی شاہین ترک پارلیمنٹ میں ترکیہ پاکستان فرینڈشپ گروپ کے صدر اور ترک سفارتی حکام نے استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آدیامان پہنچنے پر زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان ترک حکام کے حوالے کیا، پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے آدیامان پہنچا تھا۔
میاں شہباز شریف نے آدیامان میں زلزلہ متاثرین سے ملاقات کے دوران یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے پیاروں کی وفات پر تعزیت کی، وزیراعظم نے متاثرین کو پاکستان کی طرف سے بھرپور مدد کی یقین دہانی بھی کروائی۔