ملتان(ایم این پی) آل پاکستان انٹر یونیورسٹی بوائز بیس بال چیمپئن شپ ملتان میں شروع ہو گئی۔ چیمپئن شپ کا افتتاح ایونٹ کے میزبان ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رضوان نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو تعلیم اور کھیلوں میں ترقی کرنی چاہیے۔ انہوں نے ای یو ایم سے قومی یا بین الاقوامی سطح پر کھیلنے والے کھلاڑیوں کو فیس میں چھوٹ دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کا وقت آگیا ہے جس سے ان میں اسپورٹس مین جذبہ اور برداشت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ EUM یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے وسائل اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔اس موقع پر ایچ ای سی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس محمد آصف، پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس ای یو ایم محمد ظفر شیروانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے سید فخر علی شاہ کو بیس بال میں خدمات کے صلے میں اعزازی شیلڈ پیش کی اور یونیورسٹی کی اسپورٹس ایڈوائزری کمیٹی میں بطور ممبر شامل کرنے کا اعلان کیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد EUM میں سید فخر علی شاہ کی جانب سے افتتاحی پچ کے ساتھ چیمپئن شپ کے میچز کا آغاز ہوا۔اس موقع پر انٹرنیشنل بیس بال امپائر محمد جمیل کامران، طارق ندیم، افراز ملک اور دیگر موجود تھے۔مذکورہ چیمپئن شپ میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، اسلامیہ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب، لاہور یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، ایمرسن یونیورسٹی کی ٹیمیں دو دیگر یونیورسٹیوں کے ساتھ مد مقابل ہیں۔
سید فخر علی شاہ کی افتتاحی پچ کے ساتھ پاکستان انٹر یونیورسٹی بوائز بیس بال چیمپئن شپ کے میچوں کا آغاز
Media Network Pakistan