عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا

Media Network Pakistan

اسلام آباد(ایم این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قانونی ٹیم نے دہشت گردی کی دفعہ 23 اے کے تحت درخواست دائر کی، جس میں دہشت گردی عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن کے روبرو وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے دلائل میں کہا کہ یہ دہشت گردی عدالت کا کیس نہیں بنتا، لہٰذا مقدمہ متعلقہ عدالت کو منتقل کیا جائے، پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں دہشت گردی دفعات نہیں بنتی، پرامن احتجاج کیا گیا تھا جس پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی گئیں، احتجاج آئینی دھارے میں رہتے ہوئے کیا گیا تھا۔

عمران خان کے وکیل کی جانب سے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پراسیکیوشن سے درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا اور سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں