Media Network Pakistan
لاہور(ایم این پی) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ معاشی تباہی کے بعد رجیم چینج کا سب سے بڑا کارنامہ دہشت گردی کی عفریت کا دوبارہ اٹھنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری نے لکھا کہ ان 9 ماہ میں 3 سو کے قریب لوگ شہید ہوئے ہیں اور زخمیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے، یہ سب جنگ کے بعد افغانستان کے استحکام کی تحریک انصاف کی پالیسی بدلنے کا نتیجہ ہے، اللہ شہیدوں کو غریق رحمت کرے۔
ایک اور ٹویٹ میں سابق وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تفتیش کو مسلسل سبوتاژ کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جے آئی ٹی کے سربراہ مبارک باد کے مستحق ہیں، تمام پریشر کے باوجود انہوں نے تفتیش کو آگے بڑھایا، باقی اس حملے کے واقعات اور ملزمان کون سا چھپے ہوئے ہیں سب کو ہی پتہ ہے۔