اسلام آباد(ایم این پی) الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں ووٹر لسٹوں سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا، چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ کراچی بلدیاتی انتخابات کسی صورت تاخیر کا شکار نہیں ہونگے۔
الیکشن کمیشن میں کراچی بلدیاتی انتخابات میں ووٹر لسٹوں پر اعتراضات سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی، ایم کیو ایم کے وکیل نے اعتراض کیا کہ انتخابات کیلئے پرانی ووٹر لسٹ کا استعمال خلاف قانون ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس سے پہلے حلقہ بندی پر بھی ایم کیو ایم عدالتوں میں جاتی رہی، ایم کیو ایم تمام ایشوز کو ایک ساتھ ہی کیوں نہیں سامنے لاتی؟ کوئی اور بھی ایشو ہے تو سامنے لے آئیں ایک ساتھ ہی فیصلہ کر دینگے، ایم کیو ایم نے 2018 کا الیکشن اور ضمنی انتخابات بھی لڑے، جن فہرستوں پر پہلے انتخابات لڑے انہی پر اب بھی انتخابات ہو رہے ہیں۔
وکیل ایم کیو ایم نے ایک اور نکتہ اٹھایا کہ 29 اپریل کو الیکشن کمیشن نامکمل تھا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کی درخواست میں تو الیکشن کمیشن نامکمل ہونے کا ذکر ہی نہیں، اپنی درخواست پر آئیں ادھر ادھر کی باتیں نہ کریں، انتخابات کسی صورت تاخیر کا شکار نہیں ہونگے، آپ بیٹھ کر کیس کی تیاری کریں بعد میں آپکو سنیں گے۔
سندھ حکومت نے درخواست پر دلائل دینے کے لئے الیکشن کمیشن سے آئندہ ہفتے تک کا وقت مانگ لیا، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ فوزی ظفر نے کہا کہ تیاری کیلئے وقت دے دیں۔
الیکشن کمیشن نے عدم تیاری پر سندھ حکومت کے دلائل کا حق ختم کر دیا، چیف الیکشن کمشنر نے زور دیا کہ بلدیاتی انتخابات کسی بھی قیمت پر تاخیر کا شکار نہیں ہونگے۔