لاہور(ایم این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیرآباد حملے میں ملوث ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد نے کہا ہے کہ واقعہ پر بننے والی جے آئی ٹی زمان پارک جا کر مرضی کی رپورٹ تیار کرتی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد نے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آر نہیں ہوتی بلکہ جے آئی ٹی تشکیل دیدی جاتی ہے، فواد چودھری نے رپورٹ کے مطابق ملزم نوید کو بے گناہ قرار دیدیا ہے، فواد چودھری کی پریس کانفرنس کے مطابق معظم کا ملزم نوید سے تعلق نہیں بنتا۔
وکیل میاں داؤد نے کہا کہ فواد چودھری نے اپنی پریس کانفرنس سے آدھا کیس ختم کر دیا ہے، جے آئی ٹی موقع کے ثبوت کو تحقیقات کا حصہ نہیں بنا رہی، جے آئی ٹی اور عمران خان نے ملی بھگت کر کے کیس خراب کیا۔
ملزم نوید کے وکیل نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان میں ایسی مخلوق ہے جس سے شیطان بھی پناہ مانگتا ہے، شیطان کو گمراہ کرنے میں وقت لگتا ہے، پی ٹی آئی والے فوراً گمراہ کر دیتے ہیں، جس گارڈ کے اسلحے سے معظم قتل ہوا وہ اسلحہ دیا ہی نہیں گیا، یہ لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں، جے آئی ٹی آپ کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔
وکیل میاں داؤد کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کنٹینر سے ایک فائر ہوا ساری دنیا جانتی ہے، جے آئی ٹی نے اس ویڈیو کو ریکارڈ کا حصہ کیوں نہیں بنایا؟، جناح ہسپتال کی ٹیم کی میڈیکل رپورٹ کی کوئی وقعت نہیں، قانون کے مطابق عمران خان صاحب کا میڈیکل وہاں کے کسی سرکاری ہسپتال سے ہونا چاہیے تھا۔