عمران خان نے نفرت کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، بلاول بھٹو

Media Network Pakistan

کراچی (ایم این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان نے نفرت کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، ناکام وزیر اعظم کو جمہوری طریقہ سے گھر بھجوایا گیا، آج بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں، پیپلز پارٹی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نےماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کر کے ملک کو بچایا تھا، مستقبل میں بھی پیپلز پارٹی ملک کو بچائے گی، پیپلز پارٹی کی سب سے بڑی طاقت یکجہتی کی سیاست ہے، ہم نےاسی یکجہتی کے ساتھ پورے ملک کو چلانا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی تقسیم، نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، نفرت کی سیاست پر یقین رکھنے والے کہتے ہیں یہ شہرایک سوچ رکھنے والوں کا ہے، پیپلز پارٹی کہتی ہے یہ شہر سب کا ہے، پیپلز پارٹی سب طبقوں کی نمائندگی کرتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک طرف خان کہہ رہا ہے استعفے منظور کریں، جب نمائندے سپیکر کے پاس جاتے ہیں تو کہتے ہیں استعفے منظور نہ کرو، یہ جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں، اصل میں الیکشن سے وہ بھاگ رہے ہیں، جہاں جیالا کھڑا ہو گا وہ الیکشن ہاریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کارکن لانگ مارچ کے ذریعے اسلام آباد پہنچے، اسلام آباد پہنچ کر ناکام وزیراعظم کو جمہوری طریقے سے گھر بھیجا، ہم سلیکٹڈ راج کے خلاف نکلےتھے، سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا کارکنوں کی جیت ہے، پہلے آمریحییٰ خان کا مقابلہ کیا، مشرف کو بھگایا اور پھر کٹھ پتلی کو نکالا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی مقابلہ ہو گا جیت سچ کی ہو گی، جب بھی مقابلہ ہو گا تو کٹھ پتلیوں، سلیکٹڈ کو شکست اور جمہوری قوتوں کی فتح ہو گی، اس وقت ملک مشکل میں ہے، عمران کی نفرت کی سیاست نے جمہوریت، معاشرے، معیشت کو نقصان پہنچایا، اگر ہم نے مشکل سے نکلنا ہے تو شہید بھٹو کا منشور سامنے ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہتا ہوں، مجھے اکثر کہا جاتا ہے مراد علی شاہ صرف کراچی کے وزیر اعلیٰ ہیں، جتنے کام مراد علی شاہ نے کراچی میں کیے تاریخ میں کسی وزیراعلیٰ نے نہیں کیے، ہمارا وزیراعلیٰ پورا سندھ اور کراچی کا بھی ہے، ماضی میں بندوق، دہشت کے خوف سے پیپلز پارٹی کے ووٹرز کو دبا کر مصنوعی مینڈیٹ لایا جاتا تھا، کراچی کے جیالے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں