لاہور(ایم این پی)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عامر احمد خان نے ون ونڈو سیل پر کھلی کچہری لگائی ۔ اس موقع پرانہوںنے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل میری اوّلین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے میں تاخیری حربے استعمال کرنے والے افسران اور اہلکارخود کو جواب دہی کے لیے تیار رکھیں۔کھلی کچہر ی میں ڈائریکٹرجنرل نے شہریوں اور بالخصوص بزرگ شہریوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔ ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان نے عذرابی بی اور صنوبرکے مسائل سننے کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہاﺅسنگ کو ان کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے سائلہ جمیلہ بی بی کا مسئلہ سن کر اس کے فوری حل کے لیے چیف ٹاﺅن پلانرشکیل انجم منہاس کو اقدامات کرنے کا حکم دیا ۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹرہاﺅسنگ جوہرٹاﺅن سائل محمد اشرف کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بدھ کو رپورٹ پیش کریں۔ اس موقع پر ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کے مسائل فوری طو ر پر حل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف میٹروپولیٹن پلانرسید ندیم اخترزیدی اور دیگر متعلقہ افسران شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ ون ونڈوسیل میں آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں تاخیری حربے ہرگز قابل برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ کھلی کچہری کے موقع پرایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہاﺅسنگ صفی اللہ گوندل ، چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اخترزیدی،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن،ڈائریکٹر ون ونڈو اوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈی جی ایل ڈی اے عامرا حمد خان کی ون ونڈو سیل پر کھلی کچہری
Media Network Pakistan