لاہور(ایم این پی) سپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر کی ایڈوائس پر اجلاس بلانے سے انکار کردیا جس کے بعد صوبے میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔
گورنر پنجاب کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے لیے 2 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کے جواب میں سپیکر نے بھی 2 صفحات کی رولنگ جاری کردی جس میں انہوں نے گورنر کی جانب سے اجلاس بلائے جانے کا عمل غیر آئینی قرار دیا۔
واضح رہے کہ اسمبلی اجلاس نہ ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن نے آج پنجاب اسمبلی آنے اور احتجاج کا اعلان کررکھا ہے۔
دوسری جانب اسمبلی سیکرٹریٹ نے گورنر کے حکم پر اجلاس بلانے کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا جبکہ سپیکر نے اپنے طلب کردہ جاری اجلاس کو گزشتہ شب جمعہ تک ملتوی کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان آج پنجاب اسمبلی جائیں گے، اپوزیشن جماعتیں آج سہ پہر 4 بجے گورنر کے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی پہنچیں گی۔