لاہور(ایم این پی)وزیر جنگلات اور وائس چئیرمین شکایت سیل کی ملاقات کھلی کچہری میں تبدیل .عباس علی شاہ اور علی اعوان نے موقع پر سائلین کے مسائل پر احکامات جاری کئے. وزیر جنگلات سید عباس علی شاہ سے وائس چیئرمین شکایت سیل برائے جنوبی پنجاب علی اعوان نے ملاقات کی جس میں عوامی مسائل کے حل اور شکایات کے فوری ازالے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر جنگلات کے دفتر میں موجود سائلین کی وجہ سے دونوں کی ملاقات کھلی کچہری میں تبدیل ہو گئی۔ وزیر جنگلات اور وائس چیئرمین کمپلینٹ سیل نے ملاقات کیلئے آئے سائلین کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر وزیر جنگلات نے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے اسمبلیوں میں بیٹھے رہنا ضروری نہیں۔ اسمبلیاں نہ بھی رہیں، عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایات و مسائل کے حل کیلئے جتے رہنا ہماری سیاست کا مقصد ہے۔ عوام کو قبضہ گروپوں، رسہ گیروں اور حق مارنے والوں سے نجات دلانے کیلئے کوشاں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کمپلینٹ سیل کا دروازہ کھٹکھٹانے والا ہر سائل ہمارے لئے وی آئی پی ہے۔ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ کسی سائل کو مایوس لوٹانا ہمارے مناصب کے شایان شان نہیں۔ سید عباس علی شاہ اور علی اعوان نے لوگوں کی خدمت کیلئے سیاست کو بالائے طاق رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔