سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے نے والد کیخلاف درج مقدمات کو چیلنج کر دیا

Media Network Pakistan

کراچی (ایم این پی) سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے والد کے خلاف درج مقدمات کالعدم قرار دینے اور پولیس کو مزید کارروائی سے روکنے کے لئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

بیرسٹر عثمان سواتی نے دائر درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ پولیس کو سندھ میں سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے اور تمام مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عثمان سواتی کے ہمراہ اپوزشین لیڈر حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان اور فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے بیرسٹر عثمان سواتی نے کہا کہ ہم نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ تمام مقدمے طلب کئے جائیں، ہمیں بتایا جائے کتنے مقدمات درج ہیں اور پولیس بتائے کہ مزید کتنے مقدمے ہیں کیونکہ قانون کے تحت صرف ایک مقدمہ ہی درج ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقدمات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے اور یہ بھی استدعا کی ہے کہ اس پٹیشن کا فیصلہ آنے تک مقدمات کی کارروائی اور سندھ پولیس کو مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے۔

بیرسٹر عثمان نے کہا کہ والد کوئٹہ میں پولیس کی حراست میں ہے اس لئے میں آیا ہوں اور سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں