کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ،2 افراد جاں بحق

Media Network Pakistan

کوئٹہ(ایم این پی)کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے،دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے،3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ کچلاک بائی پاس پر پولیس کے ٹرک کے قریب ہوا،واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کردی۔

پولیس کے مطابق خود کش دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا،دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑیاں بھی زد میں آ گئیں۔دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل کو موقع پر طلب کر لیا گیا،جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔

ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظفر مہیسر واقعہ کے بعد جائے وقوع پہنچے اور کہا کہ بلیلی روڈ پر خودکش دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے،دھماکے کے باعث 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا،پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ بارودی مواد سے بھرے رکشے نے ٹکر ماری،دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں پولیس اہلکار اور شہری بھی شامل ہے،دھماکے میں زخمی 20 پولیس اہلکارو ں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا،ڈی آئی جی نے دعویٰ کیا ہے کہ خود کش حملہ آور کی لاش ملی ہے،دھماکے میں 20 سے 25 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں