الزامات بے بنیاد،عمران خان کی حکومت گرانے میں ملوث نہیں: امریکا

Media Network Pakistan

واشنگٹن (ایم این پی)امریکا نے سازش سے عمران خان کی حکومت گرانے کا دعویٰ ایک بار پھر مسترد کر دیا۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈپرائس نے واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران سازش کے ذریعے عمران خان حکومت گرانے کے دعویٰ کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ غلط اور جھوٹی اطلاعات کے جواب میں درست معلومات دے سکتے ہیں، پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا یا غلط اطلاعات کو دوطرفہ تعلقات کی راہ میں نہیں آنے دیں گے، جانتے ہیں کہ پاکستان میں انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی، پرامن آئینی و جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ایسے مسائل پر تمام پارٹنرز کے ساتھ بات چیت رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین دیرینہ شراکت داری کی قدر کرتے ہیں، خوشحال پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں دوحہ میں طالبان کے ساتھ دوبارہ بات چیت ہوئی جس میں امریکی تحفظات کے بارے میں انہیں بتایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں