ٹی 20 ورلڈ کپ، سیمی فائنلز اور فائنل میں بارش کی صورت میں متبادل پلان ترتیب

Media Network Pakistan

میلبورن (ایم این پی) آسٹریلیا میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈکپ میں مختلف ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔

کرکٹ شائقین جہاں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے میچز سے محظوظ ہورہے ہیں وہیں انہیں ایک خطرہ بارش کا بھی ہے جس کی وجہ سے ایونٹ کا مزہ کرکرا ہوسکتا ہے۔

23 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ آئی سی سی نے ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل میں بارش کی صورت میں متبادل پلان ترتیب دیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل میچ میں بارش کی صورت میں متبادل دن (ریزرو ڈے) رکھا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیمی فائنلز اور فائنل کے روز بارش کی صورت میں امپائرز اور میچ آفیشل پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق میچ کے انعقاد کی بھرپور کوشش کریں گے تاہم جب پانچ اوورز کے کھیل کا امکان ختم ہوگا تو کھیل متبادل دن پر کھیلا جائے گا۔

میچ شروع ہونے کے بعد اگر دوران کھیل بارش ہوتی ہے تو بارش نہ رکنے کی صورت میں متبادل دن پر کھیل وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے روکا گیا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں