اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کہیں سے کوئی دباؤ نہیں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےرانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کہ ہم نے مذاکرات کے پہلے دور میں ہی پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا تھا کہ اپنے مطالبات تحریری طور پر دے دیں، لیکن ان کی باتوں سے لگتا نہیں کہ ایسا کریں گے،ہم چاہتے تھے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان نیشنل ڈائیلاگ ہوں، لیکن پی ٹی آئی رہنماؤں کی باتوں اور عمران خان کی ٹوئٹ سے لگتا ہے کہ سیدھی بات نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کی علی امین گنڈاپور اور شیر افضل مروت کے حوالے سے گفتگو غور طلب ہے، وہ اس سے قبل یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ عمران خان کو جیل میں زہر دینے کی کوشش کی گئی، عمران خان کے اردگرد لوگ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، ان سے کوئی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر یہ بڑی سیاسی جماعت ہیں، عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولتیں میسر ہیں، بانی پی ٹی آئی کا ریاست اور اداروں کے حوالے سے جو مؤقف ہے وہ سب کے سامنے ہے۔