الکمار (ایم این پی) نیدرلینڈز کے شہر الکمار میں زیر زمین کچرے کے کنٹینر کی تعمیر کے دوران 500 سال قدیم لکڑی کا جوتا دریافت کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیدرلینڈز اپنے لکڑی سے تیار کردہ جوتوں کے لیے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔
حال ہی میں نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم سے 30 کلو میٹر کی دوری پر الکمار میں تعمیراتی کام کے دوران لکڑی کا قدیم جوتا دریافت ہوا ہے، حالیہ قدیم و نایاب دریافت یہ ظاہر کرتی ہے کہ ایک زمانے میں ان لکڑی سے تیار کردہ جوتوں کا استعمال کتنا وسیع تھا۔
ماہرِ آثار قدیمہ سلکے لانگ کے مطابق یہ خاص جوتا شہری علاقے میں زیرِ زمین تعمیراتی کام کے دوران ملا جو ہمیں ان کسانوں کی یاد دلاتا ہے جو اپنے کام کے دوران لکڑی کے جوتے استعمال کیا کرتے تھے لیکن ہمیں یہ جوتا ایک شہری علاقے سے ملا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اس زمانے میں اس قسم کے جوتے روز مرہ کے استعمال میں عام ہوا کرتے تھے۔