راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 19 نومبر کی ایپکس کمیٹی اجلاس کے فالواپ میں پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کو خطے میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے فوجیوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ یہ قربانیاں قومی عزم کی بنیاد ہیں، یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل جذبے اور لگن کو تحریک دیتی ہیں۔