تونسہ شریف: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ بھائی بن کرمدد کی، سعودی عرب سے متعلق بشریٰ بی بی کا بیان پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے، سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے تو ہمارا بھائی کیا کہے گا؟، ان کو اندازہ نہیں اس بیان سے پاکستان کا خدانخوستہ کتنا نقصان ہوگا۔
وزیراعظم نے تونسہ میں کچھی کینال کی بحالی کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تعاون سے کچھی کینال بحالی کا مرحلہ مکمل ہوا، مشرف دور میں کچھی کینال منصوبے کا بیڑہ غرق کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشرف دورمیں غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا، نوازشریف دور میں اس منصوبے کا آغاز ہوا، اس منصوبے کے اصل محسن نوازشریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کو 2022 کے سیلاب سے بہت نقصان ہوا، کچھی کینال کے دوسرے مرحلے کو بھی مکمل کریں گے اور اگلے مرحلے کے لیے وسائل فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں کینسر ہسپتال کی تعمیر جاری ہے، پنجاب میں مریم نواز دن رات محنت کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی محنت کے ثمرات جلد صوبے کے عوام کو ملیں گے، ہم سب مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا برادرملک ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ، اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی مدد کی جس کی مثال نہیں۔