باکو: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے آگے آنا ہوگا۔
پاکستان کی میزبانی میں کلائمیٹ فنانس گول میزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے یواین فریم ورک پر عمل کرنا ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پاکستان شدید متاثر ہے، پاکستان کو دوبار بدترین سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا، موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کیلئے 2030 تک 6.8 ٹریلین ڈالرز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے فنانسنگ کو دوگنا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی پیرس معاہدے پرعملدرآمد یقینی بنایا جاسکتا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے لیے اقدامات آئندہ نسلوں کے لیے کارگر ثابت ہوں گے۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان میں کانفرنس آف پارٹیز (COP-29) کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے جہاں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے وزیرِاعظم کا استقبال کیا۔