منی لانڈرنگ کیس، شلپا نے گھر سے بےدخلی کا نوٹس عدالت میں چیلنج کردیا

Media Network Pakistan

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی اور اُن کے بزنس مین شوہر راج کندرا نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں اپنا رہائشی فلیٹ اور ایک فارم ہاؤس خالی کرنے کا نوٹس عدالت میں چیلنج کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں شلپا شیٹھی اور راج کندرا کو نوٹس ملا تھا جس میں اس جوڑی کو ممبئی کے جوہو علاقے میں اپنا رہائشی فلیٹ اور پونے میں ایک فارم ہاؤس خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

شلپا شیٹھی اور اُن کے شوہر نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے ملنے والے نوٹس کو چیلنج کرتے ہوئے بمبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا، جوڑی کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست پر آج 9 اکتوبر بدھ کے روز سماعت ہوئی۔
عدالت نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو نوٹس جاری کیا اور معاملے کی سماعت جمعرات کو مقرر کی۔

شلپا شیٹھی اور راج کندرا کے وکیل نے کہا کہ اداکارہ اور اُن کے شوہر کو بے دخلی کا نوٹس 3 اکتوبر کو موصول ہوا تھا، انہوں نے نوٹس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

درخواست کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سال 2018 میں امیت بھردواج اور دیگر کے خلاف مبینہ بٹ کوائن فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزام میں شکایت درج کی تھی لیکن شلپا شیٹھی اور ان کے شوہر کو کیس میں ملزم کے طور پر نامزد نہیں کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں