تربت ایئرپورٹ اور نیول ایئر بیس پر حملہ ناکام، تمام دہشت گرد ہلاک

Media Network Pakistan

تربت (ایم این پی) صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ایئرپورٹ اور نیول ایئر بیس پر نامعلوم افراد کے اندر داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تربت میں نیول ائیر بیس پر حملہ کرکے داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی گئی، حملہ آوروں نے پہلے نیول بیس کے مین گیٹ سے داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں آتی رہیں، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، بعد میں پولیس اور فورسز کی بڑی تعداد نیول بیس کے قریب پہنچی اور پورے علاقے کو قبضے میں لے لیا، اس دوران حملہ کرنے والوں کو جوابی کارروائی میں مار دیا گیا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کردیا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 سے 6 مبینہ حملہ آوروں نے ایئرپورٹ کے شمالی جانب سے نیول بیس میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کی جانب سے حملہ آوروں کو اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا، اس دوران ایئرپورٹ کے اطراف میں شدید فائرنگ اور 10 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ضلع کیچ ایران سے متصل علاقہ ہے اور اس کے ضلعی ہیڈکوارٹر تربت میں پاک بحریہ کا دوسرا بڑا ایئر بیس بھی ایئرپورٹ کی چاردیواری کے اندر واقع ہے، جس پر حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی مجید بریگیڈ نے قبول کرلی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی تربت میں ایف سی کی گاڑی پر خاتون نے خودکش حملہ کیا جس سے حملہ آوار سمیت دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے تھے جب کہ پانچ روزقبل گوادر میں رہائشی کمپلیکس گوادر پورٹ اتھارٹی پر حملہ ہوا تھا، جس میں تمام 8 حملہ آور مارے گئے تھے جب کہ دو سکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوگئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں