پنجاب کی جیلوں میں اسیران اور ملاقاتیوں کے لیے سہولیات فراہم

Media Network Pakistan

لاہور (ایم این پی) پنجاب کی جیلوں میں حکومت پنجاب اور صدر دفتر کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد اور اسیران اور انکے ملاقاتیوں کو قانون کے مطابق فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر کی جانب سے ڈی آئی جیز کی سربراہی میں سرچ آپریشن کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
اس مشق کا باقاعدہ آغاز ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ سے کر دیا گیا ہے ، جہاں سرچ آپریشن کیلئے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال کی سربراہی میں ٹیم نے اچانک دورہ کیا ہے۔ ٹیم میں سپرنٹینڈنٹ جیل طاہر مجید ، سپرٹینڈنٹ جیل وجاہت خاں ، آفس سپرٹینڈنٹ حافظ طارق ، اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ قدیر احمد اور پی ایس او ٹو ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر علی اکبر سمیت بھاری نفری شامل تھی۔
ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں ملاقات شیڈ ، کچن ، ہسپتال ، اندراج رجسٹر ، حاضری رجسٹر ، وارنٹ آفس ، مین وال ، قیدی و حوالاتی بارکس اور گودام کا معائنہ کیا گیا ہے ، جس میں ملاقاتیوں کو فراہم کی گئی سہولیات و صفائی ، اسیران کیلئے تیار کئے گئے کھانے کا معیار ، مریض اسیران کو فراہم کی گئی طبی سہولیات ، ملازمین کی حاضری ، سیکیورٹی کے جائزے سمیت قیدی و حوالاتی بارکس کی مکمل تلاشی لی گئی ہے۔
اسیران اور انکے ملاقاتیوں کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات پر اظہار اطمینان کیا گیا ، صفائی کا مناسب انتظام پایا گیا ، کھانے کا ذائقہ ٹھیک پایا گیا ، گوشت کا وزن پورا اور صاف ستھرا پایا گیا ، روٹی اور پیڑے کا وزن پورا پایا گیا ، سیکیورٹی کے انتظامات اطمینان بخش پائے گئے ، بارکس کی تلاشی کے دوران کوئی ممنوعہ چیز برآمد نہ ہوئی سوائے ایک قیدی سے ایک ہزار روپے کے ، ملازمین کی حاضری اور اسیران کے وارنٹ ٹھیک پائے گئے۔
جیل انتظامیہ کو کھانے کی پکائی کے نظام میں بہتری کی ، اسیران کی موومنٹ کنٹرول کی ، ہسپتال موومنٹ کے اندراج کی ، فیکٹری سامان کھلا نہ چھوڑنے کی ، گودام میں مناسب سامان کے بندوبست کی اور ملاقاتیوں کے سامان کا اندراج رجسٹر کی بجائے کمپیوٹر پر کرنے کی ہدایت کی گئی۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر کا کہنا ہے کہ ڈی آئی ہیڈ کوارٹر ، ڈی آئی جی انسپکشن اور ریجنل ڈی آئی جیز کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیمں تشکیل دی گئی ہیں ، جو پنجاب کی تمام جیلوں کے اچانک دورہ کر کے اسیران اور انکے لواحقین کو قانون کے مطابق فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیں گی۔
پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں سستی ، نااہلی اور بددیانتی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاران کو نظر انداز نہ کرتے ہوئے انکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں