پشاور: لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ، ڈپٹی کمشنر سمیت 5 افراد زخمی

Media Network Pakistan

پشاور: امن کوششوں کو دھچکا، لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہوگئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

اس حوالے سے مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کرم بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے، جاوید اللہ محسود کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں