اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں خارجی ہاتھوں کا بخوبی علم ہے، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ہے۔
نیشنل ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کی ذمہ داری سنبھال لی ہے، سلامتی کونسل میں ہماری ذمہ داریاں دوسال کیلئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرحد پار سے پاکستان پر چند دن پہلے حملہ ہوا، دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا گیا، دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کےگھس بیٹھیے موجود ہیں، پاکستان کے خلاف سازشیں بنی جارہی ہیں، ہمیں خارجی ہاتھوں کا اچھی طرح علم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کون کون سے ممالک دہشتگردوں کو یہاں سپورٹ کررہے ہیں، ہمیں خارجی ہاتھوں کا بخوبی علم ہے،فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ہے، دفاعی اداروں سے مل کر دہشتگردوں کے خاتمے کا مربوط پلان بنانا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے خلاف زہر اگلا جارہا ہے، پاکستان کے دوست نما دشمن باہر بیٹھ کر سوشل میڈیا پرمہم چلارہے ہیں،پاکستان کے خلاف مہم بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے، وہ جھوٹ کو سپورٹ کرتے ہوئے حقائق کو مسخ کررہے ہیں، جھوٹ کی بنیاد پر سوالیہ نشان اٹھائے جارہے ہیں۔